اہم خبریں

سرکاری تعلیمی اداروں کے 529 اساتذہ کو ترقی دیدی گئی

لاہور( نیوز ڈیسک )گزشتہ روز یہاں جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق 529 اساتذہ کو اگلے گریڈ میں ٹائم سکیل پروموشن دیا گیا ہے جس میں سکولوں اور کالجوں کے وائس پرنسپلز، پرنسپلز اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز شامل ہیں۔
مزید پڑھیں :وزیراعلیٰ پنجاب کی روٹی کی دکانوں پر قیمتوں سے متعلق بینر چسپاں کرنے کی ہدایت
تفصیلات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے ٹائم سکیل کی ترقی کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) کا اجلاس 5 جنوری 2024 کو منعقد ہوا تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر نوٹیفکیشن میں تاخیر ہوئی۔ سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے ڈی پی سی کی سفارشات کو فوری طور پر منظور کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات دیئے۔

وفاقی اساتذہ تنظیموں کے رہنماؤں فضل مولا، ملک امیر خان، منصور شاہ اور دیگر نے سیکرٹری تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کرنا اساتذہ کا بنیادی حق ہے جس سے ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 13 پرنسپلز کو گریڈ 21، 90 اسسٹنٹ پروفیسرز کو گریڈ 19 میں ترقی دی گئی، 173 وائس پرنسپلز کو بھی گریڈ 19 میں ترقی دی گئی، اسی طرح 103 اسسٹنٹ پروفیسرز اور پرنسپلز کو گریڈ 20 میں ترقی دی گئی جبکہ 8۔ ڈپٹی ہیڈ مسٹریس کو بھی گریڈ 20 میں ترقی دے دی گئی ہے۔

اساتذہ رہنماؤں فضل مولا، ملک امیر خان اور منصور علی شاہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے اساتذہ کو ترقی دے کر بنیادی حقوق دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری تعلیم نے تعلیمی نظام میں بہترین اصلاحات نافذ کی ہیں جس کے نتائج جلد نظر آئیں گے،

انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کے سربراہان کو بااختیار بنانا اداروں کے ملازمین کی بہترین کارکردگی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ اساتذہ نے سینئر جوائنٹ سیکرٹری سہیل اختر ملک، ڈائریکٹر پروموشن محمد لقمان، ایس او پروموشن راشد مروت اور دیگر متعلقہ حکام کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔

متعلقہ خبریں