کراچی(نیوزڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان ایک بار پھرشدید اختلافات کا شکار ۔گورنر سندھ کی تقرری اور دوسرا ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا وفاقی وزیر بننا شامل ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے اندرونی ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کیلئے اہم حلقوں نے خوش بخت شجاعت کے نام کو فائنل کیا جس پر ایم کیو ایم پاکستان کے مقتدر حلقوں کو شدید تحفظات ہیں۔ایم کیو ایم کے مقتدر حلقوں کا کہنا ہے کہ گورنر کے نام کیلئے ان سے کوئی رائے نہیں لی گئی جبکہ خوش بخت شجاعت کافی عرصے سے غیر فعال ہیں اور پارٹی کیلئے ان کی کوئی گراں قدر خدمات بھی نہیں ۔
ایم کیو ایم پاکستان میں اندرونی اختلافات اس وقت شدید ہوئے جب ایم کیو ایم پاکستان کی ایڈ ہاک کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھایا۔
ذرائع کے مطابق جب پی ایس پی ایم کیو ایم پاکستان میں ضم ہوئی اور فاروق ستار سمیت پرانے لوگ واپس پارٹی میں آئے تو اس وقت سب نے متفق ہو کر فیصلہ کیا تھا کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا کوئی بھی رکن یا سربراہ کوئی بھی سرکاری عہدہ یا وزارت نہیں لے گا۔
ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کی جانب سے خود وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے سے آپس کے اختلافات اور بھی شدت اختیار کر گئے جس کے باعث ایم کیو ایم پاکستان ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی