اہم خبریں

پنجاب میں مفت وائی فائی سروس بحال ، پبلک مقامات پر کام شروع

لاہور( نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ مریم نواز کے اعلان کے بعد پنجاب بھر میں عوامی مقامات پر مفت وائی فائی سروس کی فراہمی کا اقدام بحال ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کو مفت وائی فائی پراجیکٹ کے نفاذ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاٹ سپاٹ سمیت پرانا انفراسٹرکچر بحال کیا جائے گا۔

اس منصوبے کا مقصد عوامی مقامات جیسے تعلیمی اداروں، اسپتالوں، بس اسٹاپوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ مزید برآں، عوام کے لیے وائی فائی کی رسائی کو بڑھانے کیلئے نئے ہاٹ اسپاٹ علاقوں کی نشاندہی اور ان کا تعین کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔

مسلم لیگ (ن) نے اس سے قبل 2013 میں اپنی حکومت کے دوران لاہور اور دیگر شہروں میں مفت وائی فائی سروس متعارف کروائی تھی تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی حکومت کے دوران عدم ادائیگی کی وجہ سے اس سروس کی فراہمی روک دی تھی۔ جب یہ منصوبہ شروع کیا گیا تو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) کو لوگوں کو سہولت فراہم کرنے اور برقرار رکھنے کا کام سونپا گیا۔

عوامی مقامات پر مفت وائی فائی سروس کی ذمہ داری اب صوبائی ٹیکنالوجی بورڈ PITB کو سونپی گئی ہے۔توقع ہے کہ سروس کی بحالی سے عوام کو اہم مقامات پر انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرنے، کنیکٹیویٹی کو فروغ دینے اور مواصلات کی سہولت فراہم کرنے سے فائدہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں