اہم خبریں

آج قوم نے تاریخ رقم کر دی،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024ءکے کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،آج قوم نے ہمارے جمہوری سفر میں ایک اور تاریخ رقم کی ہے،پاکستان بھر سے عوام نے بڑی تعداد میں انتخابی عمل میں حصہ لیا اور جمہوریت سے اپنی وابستگی، قومی ذمہ داری اور اپنے ووٹ کی طاقت پر یقین کا مظاہرہ کیا،انتخابات میں بڑی تعداد میں عوام کا ووٹ ڈالنا نہ صرف ہماری جمہوریت کی مضبوطی کا ثبوت ہے

بلکہ یہ ہماری ملکی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،انتخابات کا پرامن انعقاد تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے،ان تمام لوگوں کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے اس جمہوری مشق میں اہم کردار ادا کیا،میں بین الاقوامی میڈیا/مبصرین، مقامی میڈیا اور فیلڈ میں موجود صحافیوں کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں،آپ کی موجودگی اور کوریج عالمی سطح پر ہمارے انتخابی عمل میں شفافیت اور اعتبار کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے،میں مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ کا بھی تہہ دل سے شکر گذار ہوں،سیکورٹی فورسز نے انتخابی عمل کے دوران محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے میں غیر متزلزل عزم اور تندہی سے کام کیا،

ان کی لگن نے اس بات کو یقینی بنایا کہ پولنگ کا عمل خوش اسلوبی اور کسی بڑے ناخوشگوار اور اندوہناک واقعہ کے بغیر انجام پایا،ہر شہری کو امن اور سلامتی کے ساتھ اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع ملا،میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مثالی طرز عمل اور انتخابی عمل کے انتظام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے اور آزادانہ، منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کی انتھک کوششیں اور لگن قابل تعریف ہیں،الیکشن کمیشن کی طرف سے پیشہ ورانہ مہارت اور دیانتداری ہمارے انتخابی عمل میں عوام کے اعتماد کو تقویت دینے میں اہمیت کی حامل رہی ہے،اس اہم لمحہ میں آیئے ان لوگوں کے لئے دعا میں ہاتھ اٹھائیں جو آج دہشت گردی کے واقعات کا شکار ہوئے،

اللہ پاک مرحومین کی ارواح کو ابدی سکون عطا فرمائے اور قوم متحد ہو کر ان کی لازوال قربانیوں سے مستفید ہو سکے۔آیئے ہم سب اپنے جمہوری اداروں کی حمایت اور استحکام جاری رکھنے کا عہد کریں،
ہم مل کر مستقبل کی نسلوں کے لئے ایک مضبوط، زیادہ خوشحال اور جمہوری پاکستان بنائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں