مینگورہ(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کے جذبات سے کھیلا گیا، سادہ لوگوں کو کیوں دھوکا دیا گیا۔یہاں ہزاروں کا مجمع ہے ،پچاس لاکھ گھروں میں سے کسی کو گھر ملا،آئو بتائو بھائی عوام سے کیوں جھوٹ بولا،
میں پورے راستے دیکھتا آیا ہوں کہ وہ بلین ٹری کہاں لگے،ووٹ لینے کے بعد آپ نے عوام کو کیا دیا،
مجھے عوام کی حالت پر ترس آتا ہے، عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے؟دھوکا دیتے شرم نہیں آئی؟
مینگورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہاکہ ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں، مزیدکھانےکی طاقت ہے نہ ہمت، سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پورا پاکستان میرا ہے،مجھے اپنے ملک کو غیرت مند ملک بنانا ہے، اگر میں ہوتا تو کوئی بھی بے روزگار نا ہوتا،
انہوں نے کہاکہ اگر میں نےکچھ نہ کیا ہوتا تو آپ میری پرواہ نہ کرتے، عوام کی خدمت کے صلے میں اتنی محبت ملی ہے، آج سوچ رہاہوں عوام مجھ سےاتنی محبت کیوں کرتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ مجھے جان بوجھ کر سزائیں دی گئیں، میں سرخرو اور بے قصور ثابت ہوا، سزا دینے والے چلے گئے۔