اہم خبریں

آج سے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونیکا امکان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں آج سے بارش کا سلسلہ شروع ہونیکی پیش گوئی کی ہے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں آج سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہری علاقوں میں دھند میں کمی کا امکان ہے جبکہ بالائی اضلاع میں آج سے برفباری کا سلسلہ متوقع ہے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور برفباری کا سلسلہ 31 جنوری تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے،پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارش اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، طویل خشک موسم کے بعد آج سے مغربی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے اضلاع میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ مری، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بھی بارش ہوگی،بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند کا راج بھی برقرار ہے، جس کے باعث مختلف مقامات سے موٹروے کو بند کردیا گیا ہے،موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالا، ایم فور شیرشاہ سے شام کوٹ، ایم فائیو شیر شاہ سے اوچ شریف تک دھند کی وجہ سے بند ہے،موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

متعلقہ خبریں