اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر پر ایگزیکٹو پاسپورٹ انتظامیہ کی رپورٹ غیر تسلی بخش اور ناکافی قرار دیدی،وفاقی محتسب نے مسئلہ کے فو ری حلکیلئے متعلقہ حکام کو طلب کر لیا ۔اعجاز احمد قریشی کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ اجراء میں غیرمعمولی تاخیر ناقابل برداشت ہوچکی ہے ، انتظامیہ کئی ماہ سے مسئلہ پر قا بو نہیں پا سکی۔ پاسپورٹ کی عدم موجودگی میں بیرون ملک سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ آفس کی خدمات کے بدلے عوام براہ راست معاوضہ ادا کررہے ہیں ، عوام کو بہتر اور بلاتاخیر خدمات فراہم کی جانی چاہئیں۔وفاقی محتسب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ پاسپورٹ پرنٹنگ کیلئے کاغذ اور سیاہی وغیرہ کا پیشگی بندوبست کرنے میں ناکام رہی ۔ وفاقی محتسب نے پاسپورٹ آفس کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں شکایات کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے وفاقی محتسب سیکرٹیریٹ کے سینئر افسروں پر مشتمل ایک معائنہ ٹیم پاسپورٹ آفس اسلام آباد بھیجی تھی۔ٹیم نے پاسپورٹ آفس اسلام آباد کے دورے کے دوران شکایات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ موقع پر موجود افراد کی شکایات بھی سنیں۔ٹیم نے پاسپورٹ انتظامیہ کے ساتھ طویل اجلاس کے دوران اس مسئلہ کے حل کے لئے انتظامیہ کوہدایات بھی دی تھیں اور ذمہ داران کا تعین کرنے کا بھی کہا تھا تاکہ آئندہ ایسی صورت حال سے بچا جا سکے۔پاسپورٹ انتظامیہ ابھی تک ان ہدایات پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے میں نا کام رہی ہے۔وفاقی محتسب نے پاسپورٹ آفس کی طرف سے دی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش اور ناکافی قرار دیتے ہوئے صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ حکام کو طلب کر لیا ۔