لاہور( اے بی این نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنیکے خلاف درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا،ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 12 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مونس الہٰی نے کاغذات نامزدگی میں غلط معلومات فراہم کیں اور اپنے اثاثے چھپائے، اُن کو مفرور اور اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے،ریٹرنگ افسر کے فیصلے کے مطابق مونس الہٰی 2 مقدمات میں اشتہاری ہیں اور وہ تاحال بیرون ملک میں مقیم ہیں،یاد رہے کہ 9 جنوری کو لاہور ہائی کورٹ کی ایپلٹ ٹربیونل نے پرویز الٰہی، انکی اہلیہ قیصرہ الٰہی اور انکے صاحبزادے و سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونیکے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا،گزشتہ برس 30 ستمبر کو لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الہٰی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئےتھے،3 نومبر کو اسپیشل کورٹ سینٹرل کے جج تنویر احمد شیخ نے مونس الٰہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے، تحریری حکم میں عدالت نے لکھا کہ مونس الہی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد نہیں ہوا، مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں،بعد ازاں اس مقدمے میں مونس الٰہی کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے تھے۔















