حافظ آباد(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نےکہا ہےکہ میں آج پہلی مرتبہ حافظ آباد آئی ہوں، میں جو منظر ابھی دیکھ رہی ہوں وہ پوری زندگی نہیں بھولوں گی، میں سب کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔جمعرات کوجلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سائرہ افضل نے مشکل وقت میں ساتھ نہیں چھوڑا، 8 فروری کو حافظ آباد میں شیر دھاڑےگا، امید ہے حافظ آباد کا ہر شخص نوازشریف کی باتوں پر سوچے گا،اس پر غور کرےگا۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ نواز شریف کو واپس لاؤں گی اور ان کو واپس لے آئی، نواز شریف نے لندن سے آنے سے پہلے کہا کہ ہم 28 مئی والے لوگ ہیں 9 مئی والے نہیں، 28 مئی کو ایٹمی دھماکے ہوئے تھے، 9 مئی اور 28 مئی کوئی دو واقعات نہیں ہیں بلکہ ان کے پیچھے 76 سالہ تاریخ ہے، 28 مئی والوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، یہ پاکستان کو سنوارنے والے لوگ ہیں جبکہ 9 مئی والے پاکستان کی ریاست پر حملہ کرنے والے لوگ ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک تاریخ ہے پاکستان کو سنوارنے والوں کی اور ایک تاریخ ہے پاکستان کو اجاڑنے کی مذموم کوشش کرنے والوں کی، 28 مئی والے 2 روپے کی روٹی اور مہنگائی کم کرنے والے لوگ ہیں جبکہ 9 مئی والے ملک میں مہنگائی کا طوفان لانے والے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ ہم نے طعنے سنے، بدتمیزی، بد تہذیبی سب برداشت کی لیکن دہشتگردی اور مہنگائی کو ختم کیا، آج کل نواز شریف کا وقت سب اس بات پر غور کرنے پر گزرتا ہے کہ بجلی کے بل کیسے کم کرنے ہیں؟ نوجوانوں کو نوکریاں کیسی دینی ہیں؟ سڑکوں کا جال کیسے بنانا ہے؟ ہم مسلم لیگ (ن) والے ہر شہر میں دانش اسکول، ہسپتال، یونیورسٹی بنانے کے لیے حکمت عملی بنانے میں مصروف ہیں۔رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ جو شخص نوجوانوں کو جلاؤ گھیراؤ کرنے کی ترغیب دیتا ہے وہ آپ کا ہمدرد نہیں ہو سکتا، جو شخص بدتمیزی کی ترغیب دیتا ہے وہ ہمدرد نہیں ہوسکتا ہے۔
