اسلام آباد(نیوزڈیسک) 05 فروری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی منانے کے لیے سے تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزارت اُمور کشمیر کے ایڈیشنل سیکرٹری سید خالد علی رضا گردیزی نے کی۔ اجلاس میں وزارت اُمور کشمیر کے جوائنٹ سیکرٹری کے علاوہ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، اطلاعات و نشریات، پی ٹی وی، لوک ورثہ، پیمرا اور دیگر اہم اداروں کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزارت امور کشمیر کے ایڈیشنل سیکرٹری نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار ہمارا قومی فریضہ ہے اور ہم اس قومی فریضہ کو سرانجام دینے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ اجلاس میں موجود تمام ادارے اس دن کے حوالے سے اپنی تیاریوں کو بھرپور انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور یکجہتی سے بھرپور پیغام ایل او سی کے اس پار پہنچایا جائے گا۔ اجلاس میں تمام اداروں کے اعلی حکام نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے یوم یکجہتی کے حوالے سے جاری تیاریوں کے متعلق اجلاس سے شرکا کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ اجلاس میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل عبدالمتین شیخ نے یوم یکجہتی کی تیاریوں کے حوالے سے حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کی جدو جہد درحقیقت تکمیل پاکستان کی جدو جہد ہے انہوں نے کہا غاصب بھارتی افواج نے کشمیر جنت نظیر کو دوزخ میں تبدیل کر رکھا ہے اور کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کی ریاستی دہشت گری، بھارتی عدالتی دہشتگردی اور معاشی دہشت گری کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور وہ اپنے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
