اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) جوں جوں عام انتخابات کے دن قریب آتے جارہے ہیں سیاسی ہلچل اور سرگرمیاں تو محدود ہیں تاہم سینیٹ میں الیکشن التواء کیلئے قراردادوں پر قرادادیں جمع کی جارہی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں جاری شدید سرد موسم، برف باری اور سکیورٹی چیلنجز کی پیش نظر ایوان بالا میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع کرادی ۔قرارداد آزاد پارلیمانی گروپ کے سینیٹر ہلال الرحمان نے جمع کرائی ، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی اور برفباری خیبر پختون خوا میں شہریوں کو سازگار ماحول میں ووٹ ڈالنے سے روک رہی ہے، امیدواروں کو الیکشن مہم چلانے میں بھی بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔قراردادمیں کہا گیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام امیدواروں میں اس حوالے سے احساس محرومی اور خاص طور پر سابقہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے امیدوار سکیورٹی مسائل سے متاثر ہورہے ہیں۔قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ غیر موزوں ثابت ہو رہی ہے، عام انتخابات کو 8 فروری کے بجائے موزوں تاریخ تک ملتوی کیا جائے۔