راولپنڈی(نیوزڈیسک)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے کارکنوں کو الیکشن میں حصہ نہیں لینے دیا جا رہا، بانی پی ٹی آئی الیکشن لڑنے کے اہل ہیں اور وہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔بانی پی ٹی آئی سے سائفر کیس میں حکم امتناع پر بات ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے 11جنوری تک سائفر کیس میں حکم امتناع دیا ہے، امید ہے 11 جنوری کے بعد کی کوئی تاریخ ملے گی۔ جس طرح شاہ محمود قریشی کو دھکے دیے گئے، ایسا کہیں نہیں ہوتا، ہماری روایات ہیں کم از کم اس کا تو خیال رکھتے۔جمعرات کوراولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جس نے بھی پریس کانفرنس کی ہے پارٹی ٹکٹ کیلئے اُن کے ناموں پر غور نہیں ہوگا، ہمارے امیدوار ہر حلقے سے الیکشن لڑیں گے، میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، اگلے چند روز میں پارٹی ٹکٹوں کا حمتی فیصلہ کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی اپنی جماعت ہے وہ اس سے الیکشن لڑ رہے ہیں، ابھی فیصلہ نہیں ہوا کہ شیخ رشید کو سپورٹ کرنا ہے یا نہیں،انہوں نے کہاکہ ٹکٹوں سے متعلق اگر کسی نے کوئی لسٹ شیئر کی ہے تو وہ غلط ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہم ٹکٹس فائنل کر رہے ہیں، دو چار روز میں فیصلہ بھی ہو جائے گا۔















