اہم خبریں

پاک فوج ،کورٹ کے اشتراک سے شونٹھر ویلی سڑک اور پل بحال

نیلم( نیوزڈیسک) پاک فوج نے سماجی تنظیم کے اشتراک سے سیلاب سے متاثرہ شونٹھر ویلی سڑک اور پل بحال کردئیے۔ ٹی ایچ کیو کیل کی او پی ڈی کی عمارت کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد محکمہ صحت کے حوالے کر دی گئی عوام کا ظہار تشکر۔ آزاد کشمیر وادی نیلم کے بالائی علاقہ شونٹھر ویلی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج نے برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی کی سماجی تنظیم کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے اشتراک سے سیلابی ریلوں کی نذر ہونے والی سڑک سمیت مرکزی پل کی تعمیر مکمل کرکے آمدرفت کے لئے عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال کیل کی اوپی ڈی کی بلڈنگ تعمیربھی مکمل کرکے بلڈنگ کو افتتاح کے بعد استعمال کے لئے ہسپتال انتظامیہ کے ہینڈاور کر دیا گیا ہے۔ شونٹھر اور کیل میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری محمد اختر نے کہا کہ پاک فوج نے سیلاب متاثرہ علاقہ شونٹھر میں بحالی کے کام کے لئے آگاہ کیا تھا جس پر کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نے فوری بحالی کے کاموں کا آغاز کرتے ہوئے مقامی لوگوں کے تعاون سے سڑک کو بحال کرنے کے ساتھ دو ماہ کی قلیل مدت میں نالہ شونٹھر پر سٹیل برج تعمیر کر کے یونین کونسل کیل اور شونٹھر کی45 ہزار کی آبادی کے لئے سہولت فراہم کر دی ہے کیل میں آتشزدگی کی وجہ سے عمارت جل گئی تھی مریضوں کو علاج معالجہ کے لئے مکانیت کی کمی کا سامنا تھا کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نے ہنگامی بنیادوں پر او پی ڈی کے لئے بلڈنگ تعمیر کرکے دے دی ہے۔ وادی نیلم میں سیاحت کا بڑا پوٹینشل ہے حکومت آزاد کشمیر صحت تعلیم مواصلات کی سہولیات مہیا کر کے سیاحت کو فروغ دے کر عوام کے لئے روزگار اور ریاست کی آمدنی میں اضافہ کر سکتی ہے۔کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ پاکستان اور آزادکشمیر میں بحالی کے کاموں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ میرپور ڈویژن میں 10 ارب کی لاگت سے بین لاقوامی معیار کا ہسپتال بنا رہے ہیں جس کا ابتدائی ہوم ورک سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ آزادکشمیر میں چھت سے محروم بیوہ گان کے لئے1200 مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ جاری ہے۔ انسانیت کی خدمت ہمارا مشن ہے پاک فوج کی رہنمائی اور کوآرڈی نیشن کی بدولت بحالی کے کاموں کو جلد مکمل کرنے میں آسانی رہتی ہے۔افتتاحی تقریب میں سیاسی سماجی رہنماؤں چوہدری خان ولی، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سردار امجد، چوہدری اشتیاق انتظامیہ آفیسران موجود تھے عوام نے پاک فوج اور کورٹ کے سماجی کاموں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے چوہدری محمد اختر نے کہا کہ ان کی تنظیم وادی نیلم کے دور افتادہ علاقوں میں بحالی اورامدادی کاموں کے لئے سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں