اہم خبریں

دو میشی ابھیال لینڈ سلائیڈنگ متاثرین کو امدادی رقوم کی دوسری قسط جاری

مظفرآباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی ہدایت پردو میشی ابھیال لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کو امدادی رقوم کی دوسری قسط بھی ادا کر دی گئی۔ ہفتہ کے روز متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ممبر اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی نے متاثرین میں دو لاکھ فی کس کے حساب سے امدادی رقوم کی دوسری قسط کے چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجہ طاہر ممتاز، اسسٹنٹ کمشنر رورل منر قریشی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی راجہ عمر طارق، تحصیلدار مظفرآباد ضمیر شاہ، اسسٹنٹ ہمراہ صدرآزاد کشمیر جاوید چوہدری، راجہ ماجد نذیر،ضیاء احمد کے علاوہ متاثرین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی کا عمل جاری ہے۔ حکومت متاثرین سے کیے گے تمام وعدے پورے کرے گی۔ متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ حکومت کو متاثرین کی مشکلات کا احساس ہے انکی بحالی وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی میں ضلعی انتظامیہ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انتظامیہ نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے متاثرین کومحفوظ مقام پر منتقل کیا اور انہیں ٹینٹ سمیت کھانے اور ضرورت زندگی کی تمام اشیاء فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ممبر اسمبلی نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے حوالہ سے انتظامیہ نے حکومت کی ہدایات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد راجہ طاہر ممتاز نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کی ہدایت پرانتظامیہ نے دن رات کام کیا اور انسانی جانوں کو محفوظ بنایا۔انہوں نےکہا کہ شہریوں کی جان اور مال کا تحفظ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ جیسے پورا کرنے میں ہم نے اپنی تمام تر توانایاں بروئے کار لائی ہیں۔ اس موقع پر متاثرین نےوزیراعظم آزادکشمیر اور ضلعی انتطامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انتظامیہ نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ہمیں محفوظ مقام پر منتقل کیا اور تمام تر سہولیات مہیا کیں۔ جس کے بعد ہمیں متبادل جگہ بھی فراہم کی اور آج معاوضہ کی دوسری قسط کی ادائیگی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ متاثرین نے ممبر اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں