اہم خبریں

کشمیریوں کا واحد مطالبہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام استصواب رائے ہے،الطاف بٹ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں اور حکومت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کے معاشی اور مالی استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے ،14اگست کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نےعلاقائی امن اور ترقی کے فروغ کیلئے مضبوط اور خوشحال پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی امنگوں اور بھارت سے آزدی کوپایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار اداکرسکتا ہے ،وہ پاکستان کے ایک ایسے مستقبل کا تصور کرتے ہیں جہاں پاکستان میں معاشی ترقی اور استحکام نہ صرف کشمیری عوام بلکہ دنیا بھر میں مظلوم مسلمانوں کی مجموعی فلاح و بہبود اور ان کے انصاف اور خود ارادیت کے حصول میں معاون ثابت ہو،الطاف احمد بٹ نےمزید کہا کہ کشمیری پچھلے 75 سالوں سے بھارتی ناجائز قبضے سے آزادی اور پاکستان کی تکمیل اور قائد اعظم محمد علی جناح کے خوب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی جنگ لڑ رہے ہیں ،انہوں نے پاکستانی قوم اور حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ تحریک آزدی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اب عملی اقدامات اٹھائیں ،انہوںنے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے پہلے سے طے شدہ سےسیاسی، معاشی اور اقتصادی کریک ڈاؤن پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ5اگست 2019 کے بعد بھارتی حکمرانوں اور فوجیوں نے تعلیم، کاروبار اور معاشی سرگرمیوں میں جان بوجھ کر مداخلت کی ہے جس سے کشمیری عوام کے کاروبار اور مستقبل کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں کو بلاجواز نشانہ بنایا جاتا ہے ان کا مستقبل چھیناجارہاہےاور ان کی تمام اقتصادی و کاروباری سرگرمیوں پر قدغنیں لگادی گئی ہیں،انہوں نے کہا کہ مشکلات کا سامنا کرتے والے کشمیری عوام بھارت کے قبضے کے خلاف سرپا احتجاج ہیں،ہم ان کے حق خودارادیت کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کوسلام پیش کرتے ہیں،الطاف احمد بٹ نے مقبوضہ کشمیر کی موجوہ حالت زار بیان کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق بین الاقوامی قراردوں کے مطابق استصواب رائے کا عمل شروع کرنے کیلئے اقوام متحدہ پر دباو قائم کریں تاکہ ہم کشمیری اپنے تابناک مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔

متعلقہ خبریں