مظفرآباد(نیوزڈیسک)سٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹاتھارٹی نے مون سون بارشوں کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ،محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آزاد کشمیر کے شمالی وسطی اور جنوبی اضلاع شدید بارشوں کی لپیٹ میں آسکتے ہیں، دو اور تین اگست کی رات سے سات اگست تک طوفانی بارش سے آزاد کشمیر کے شمالی نیلم ،مظفرآباد، اور جہلم ویلی ہٹیاں بالا کے اضلاع متاثر ہونے اندیشہ ہے۔وسطی اضلاع باغ پونچھ سدھنوتی اور کوٹلی جبکہ جموں ریجن کے جنوبی اضلاع میر پور اور بھمبر میں بھی طوفانی بارش متوقع ہے ۔ شدید بارشوں سے مٹی کے تودے گرنے اورفلیش فلڈ کا خطرہ ہے۔ دریاؤں کے کنارے آباد لوگ دریا کے فلڈ لیول سے دور رہیں ،تمام ریسکیو کے ادارے محکمہ شاہرات اور متعلقہ شعبے ہشیار رہیں، سیاح علاقے میں سفر سے پہلے موسم کی صورت حال کے بارے میں معلومات حا صل کرکے سفر کریں ،رات کو سفر سے مکمل اجتناب برتا جائے،سٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے عوام اور سرکاری محکموں کو انتباہ جاری کردیا۔