مظفرآباد(اے بی این نیوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بدترین تشدد اور دیگر ظالمانہ، غیر انسانی اور ذلت آمیز سلوک پر مہذب دنیا اور عالمی اداروں کی خاموش لمحہ فکریہ ہے، اقوام متحدہ کی قرار داد وں کے بر عکس مقبوضہ کشمیر کے عوام ہندوستان کے بدترین ذہنی اور جسمانی تشدد کا شکار ہیں ، قابض بھارتی فورسز نے جگہ جگہ ٹارچر سیل قائم کر رکھے ہیں جو عام لوگوں کو گرفتار کر کے شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں ۔ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنے جابرانہ تسلط کو دوام دینے کیلئے بد ترین مظالم ڈھارہا ہے ۔ بھارت کے بدترین تشدد اور مذموم ہتھکنڈوں کا سامنا کرنے کے باوجود کشمیری اپنی تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تشدد کے متاثرین کی حمایت کا عالمی دن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر اسوقت دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے جہاں کشمیریوں کو بندوق اور بارود سے محصور کیاگیا ہے ۔ کشمیری قیادت کو جیلوں میں ہے ۔ کشمیری نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا کر جعلی مقابلوں میں شہید کر دیا جاتا ہے اوران کی میتوں کو نامعلوم مقامات پر دفن کیا جاتا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں گمنام قبریں ہیں ،ہزاروں خواتین بیوہ جبکہ ہزاروں ایسی خواتین ہیں جن کے شوہروں کو قابض فورسز اٹھا لے کر گئی اور انہیں اب یہ نہیں معلوم کہ ان کے شوہر زندہ ہیں یا مردہ ۔ مقبوضہ کشمیر میں گیارہ ہزار سے زائد خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو دھائیوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ کے قریب کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے، ہزاروں کشمیریوں کو دوران حراست اورجعلی مقابلوں میں شہید کیاگیا ۔ بھارت ریاستی پالیسی کے طور پر تشدد کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تحت جموں و کشمیر کے لوگوں کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں بہیمانہ تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ قابض فورسز بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر کے انہیں جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بناتی ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں افراد ایسے ہیں جو بھارتی تشدد کی وجہ سے معذور ہو چکے ہیں ، قابض فورسز کی جانب سے معصوم لوگوں پر گولیوں ، پیلٹ گنز، آنسو گیس کا استعمال معمول کی بات ہے اس کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کی املاک کو بھی تباہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے انسانیت کش اور ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے اور کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچانے کے لیے اپنا عملی کردار ادا کرنا چاہیے ۔