ڈی آئی جی میرپور خالد چوہان کھوئیرٹہ پہنچ گئے،یونان کشتی حادثہ کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں
کھو ئی رٹہ (اے بی این نیوز)ڈی آئی جی میرپور ڈویژن خالد چوہان اور کمشنر میرپور ڈویژن شوکت علی ڈی این اے ٹیم کے ہمراہ کھوئیرٹہ بنڈلی پہنچ گئے اور یونان کشتی حادثہ کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے متاثرین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کے سانحہِ یونان آزا د کشمیر بالخصوص وادی بناہ بنڈلہ کیلئے کسی بڑے سانحہ سے کم نہیں ہے۔انسانی سمگلنگ کا دھندہ کرنے والے بہت جلد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔ پولیس کسی بھی پولیٹیکل پریشر میں آنے والی نہیں۔ 12گھنٹوں کے اندر ایجنٹوں سہولت کاروں کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش جاری ہے ۔ورثاء کے ساتھ میت کی صورت میں گھروں میں لا نے ، اس کی شناخت کے لیے پہلے مرحلہ میں ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل بدھ تک مکمل کیا جائے گا۔اسکے بعد ڈیڈباڈیز کی شناخت ممکن ہوسکے گی،انہوں نے کہا کہ یونان کشتی سانحہ اس خطے کا بہت بڑا نقصان ہے، جس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔اس واقعہ میں ملوث کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے،ادارے ہر طرح کے اقدامات کے لئے مستعد ہیں ،ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈی این اے کے لیے ٹیم بنا دی جو متاثرین کے سیمپل اکھٹے کریں گے اور ھر گھر سے دو ٹیسٹ لئے جائیں گے۔لوکل سطح پر عوامی تعاون سے ڈپٹی کمشنر ضلع کوٹلی سے ہر محلہ سے غیر قانونی طریقے سے جانے والوں کا ڈیٹا جلد سے جلد فراہم کیا جائے تاکہ مزید ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔انہوں نے کہا آزاد کشمیر پر امن خطہ ہے آزاد کشمیر کی عوام پولیس اور دیگر قانون نافذ کر نے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تا کہ انسانی سمگلنگ کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف مزید کارروائیاں کی جائیں۔
