اہم خبریں

حکومت ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے، وزیر مملکت برائے اوورسیز حیدر خان

مظفر آباد(اے بی این نیوز     )وفاقی وزیر مملکت برائے اورسیز سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ9 مئی کو ہونے والے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،ملک میں اس وقت 13جماعتوں کا اتحاد ہے جو ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے مرکزی ایوان صحافت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا طرز عمل سیاستدانوں جیسا نہیں رہا، وہ ہمیشہ ملک کو نقصان پہچانے کی کوششوں میں لگے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملک اور کشمیر کی محافظ ہیں،ہمارا ملک پاکستان افواج پاکستان کی وجہ سے قائم ہے اور افواج پاکستان ملک کی بقا کی ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت سازشیں کر رہا ہے لیکن اسے ہمیشہ کی طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اگر عمران خان نے کشمیر پر کوئی سودا بازی کی ہے تو اس کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کروائی جانی ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا فطرتی اتحاد ہے اور دونوں کے سٹبلشمنٹ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔تاہم دونوں جماعتوں کا اپنا اپنا منشور اور نظریات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔مسلم لیگ (ن) انتخابات میں حریف جماعت ہے اور 13جماعتوں کا اتحاد ملکی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا پھر منکر ہو گئے جس کے باعث معاشی پالیسی کو نقصان ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں