اہم خبریں

شہداء کے لہو کے باعث وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر ، چوہدری اظہر صادق

ڈڈیال،میرپور (اے بی این نیوز) سابق وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق نے کہا ہے کہ شہداء کے لہو کے باعث وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر ہے جب بھی مملکت خدادادپاکستان اندورنی و بیرونی خطرات لاحق ہوئے تو سب سے پہلے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مسلح افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں نے مقابلہ کیا اور دشمنوں کو شکست فاش سے دوچار کیا۔اس کی زندہ مثال بالا کوٹ کے مقام پر بھارتی فضائیہ کا حملہ اور اس کے فوری جواب میں ہندوستان کے دو جنگی طیارے پاک فضائیہ نے مار گرائے اور ان کا پائلٹ آبھی نندن کو زندہ گرفتار کرلیا۔یہ بہادری کی وہ داستان ہے جس کو پوری دنیا نے نہ صرف اپنی آنکھوں سے دیکھابلکہ پاک فوج کی بہادری کا برملا اعتراف کیا۔ پاک فوج ہمارا فخر اور مان ہے اسی وجہ سے پاک فوج کی عزت و حرمت سمیت شہداء اور ان کے مزار اور یادگاریں بھی قابل احترام ہیں جن کی حرمت پر حرف نہیں آنا چاہیے۔شہداء پاکستان کی لازوال قربانیوں کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔09 مئی کے دردناک واقعات کی بھر پور مذمت کرتا ہوں اور واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء پاکستان کے سلسلہ میں افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں حلقہ ایل اے ون ڈڈیال کی 9یونین کونسل ہا اور ڈڈیال شہر سے ووٹر سپورٹر ز اور سول سوسائٹی کی طرف سے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سب سے بڑی ریلی نکالی گئی جس کو چوہدری اظہر صادق گروپ اور ان کے درینہ ساتھیوں ربنواز، عنصر اقبال اور ممبر یاسین کی خاص کاوشوں سے کامیاب ریلی نکالی گئی۔ریلی میں جیپوں موٹر سائیکل سواروں،کاروں اور دیگر گاڑیوں کی بڑی تعدادکے علاوہ چوہدری اظہر صادق گروپ سے تعلق رکھنے والے ووٹر سپورٹرز اور سول سوسائٹی کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔شرکاء ریلی پاک فوج زندہ باد،پاکستان زندہ باد،تحریک آزادی کشمیر زندہ باد،شہداء پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔سابق وزیر چوہدری اظہر صادق نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی طرف سے قوم کو ایک انعام ملا ہے اور اس کی حفاظت بھی اللہ تعالیٰ کے زمہ ہے۔ایک غریب ملک نے بہت کم عرصہ میں اپنے آپ کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنا دیااور میزائل ٹیکنالوجی سے لیس کرکے ثابت کردیا کہ اگر کسی دشمن اور صہیونی طاقت نے میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔اس وقت اسلامی ممالک میں پاکستان دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے جس کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشیں ہورہی ہیں جس سے وطن عزیز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست بعد کی بات ہے سب سے پہلے ہمارا مشن ریاست کی حفاظت اور اس کے جانثاروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ایک قوم بننے کی ضرورت ہے تاکہ مملکت خدادادپاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کو حوصلہ ملے کے قوم ان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ہمیں سیاسی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار کو بھی اسی طرح پروان چڑھانا ہوگا جس طرح قیام پاکستان کے وقت برصغیر کے مسلمانوں کا جذبہ تھا کہ مر مٹیں گے لیکن پاکستان کے حصول سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

متعلقہ خبریں