اہم خبریں

بھمبر آزاد کشمیر میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف کاروائی

بھمبر(اے بی این نیوز)وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری فیصل راٹھور کی ہدایات پر غیر قانونی سگریٹ فیکٹریوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ زرائع کے مطابق محکمہ ان لینڈ ریونیو آزاد کشمیر کے بھمبر سرکل نے حالیہ کارروائی میں گجرات روڈ بھمبر پر قائم ایک غیر قانونی سگریٹ فیکٹری پر چھاپہ مار کر اسے سیل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو سرکل بھمبر چوہدری اظہر حسین کی قیادت میں خفیہ اطلاع پر گجرات روڈ بھمبر میں۔ ایک سگریٹ یونٹ پر چھاپہ مارا گیا۔ کاروائی کے دوران بڑی مقدار میں نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹ بھی ضبط کیے گئے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے غیر قانونی سگریٹ یونٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس کے احکامات جاری کیے ہوے ہیں۔

لیکن ان احکامات کے باوجود غیر قانونی سگریٹ یونٹس مختلف طریقوں سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، جو وزیر عظم فیصل راٹھور کے احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے مؤثریت پر سوالات اٹھا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم چوہدری فیصل راٹھور غیر قانونی سگریٹ سیکٹر پر واضح مؤقف رکھتے ہیں کہ کسی بھی غیر قانونی سگریٹ یونٹ کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

تاہم باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ نیچے لیول پر سیاسی اور بیوروکریسی کی مبینہ مدد سے غیر قانونی سگریٹ یونٹس خفیہ طور پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ چند ہفتے قبل وزیراعظم کے سخت نوٹس اور ناراضگی کے اظہار کے بعد ٹیکس حکام نے ایک ہی روز میں ایک ایسے یونٹ کو بے نقاب کیا تھا جو بھینسوں کے باڑے کی آڑ میں کام کر رہا تھا، جو اس غیر قانونی نیٹ ورک کے پیچیدہ طریقہ کار کو ظاہر کرتا ہے۔

اس کے علاؤہ ماضی میں ہر سال عیدین کے موقع پر میرپور اور بھمبر سمیت مختلف علاقوں میں سگریٹوں کی نقل و حمل پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی جاتی تھی تاکہ عید کی تعطیلات میں غیر قانونی سگریٹوں کو آزاد کشمیر سے باہر سمگل نہ کیا جائے۔ تاہم ذرائع کے مطابق رواں سال عید کے دوران اس قسم کی کوئی پابندی نافذ نہیں کی گئی، جس پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اگرچہ اعلیٰ سطح پر واضح ہدایات موجود ہیں، تاہم نچلی سطح پر عملدرآمد میں کمزوری یا ممکنہ ملی بھگت اس مسئلے کی بڑی وجہ بن رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وزیراعظم کو متعلقہ محکموں پر مزید سختی اور مؤثر نگرانی یقینی بنانا ہوگی تاکہ غیر قانونی سگریٹ کے کاروبار کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔

ٹیکس حکام کے مطابق نان ڈیوٹی پیڈ اور غیر قانونی سگریٹ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور آئندہ دنوں میں مزید چھاپوں کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا تیار کردہ جنگ بندی کا منصوبہ امریکا اور ایران کو موصول ہوگیا

متعلقہ خبریں