مظفرآباد(اے بی این نیوز)آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر میں ہیلتھ کارڈ کے اجرا کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ہیلتھ کارڈ سروسز کے آغاز سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر صحت سید بازل علی نقوی، وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب، وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سیکرٹری صحت عامہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں ہیلتھ کارڈ کے اجرا اور اس حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ہدایت کی کہ ہیلتھ کارڈ کی سہولیات کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے تاکہ عوام کو مفت، معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ ایک اہم عوامی فلاحی منصوبہ ہے، جس سے بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہیلتھ کارڈ کے اجرا میں حائل تمام انتظامی اور تکنیکی امور کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ منصوبے کا جلد آغاز ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
مزید پڑھیں۔ہانیہ عامر اور بابر اعظم 2026 میں شادی نہ کریں، ماہر نجوم نے خبردار کردیا















