مظفرآباد(اے بی این نیوز)آزاد کشمیر میں آئندہ برس عام انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما راجا ثاقب مجید کل 27 دسمبر کو کشمیر کونسل ہال اسلام آباد میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام اور سینیئر لیگی قیادت بھی موجود ہوں گے۔
راجا ثاقب مجید مظفرآباد کے حلقہ 5 کھاوڑہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ حلقہ قد آور سیاسی شخصیات کے لیے جانا جاتا ہے جہاں اس وقت اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ممبر اسمبلی ہیں۔ چوہدری لطیف اکبر نے اس حلقہ سے 10 انتخابات میں حصہ لیا، جن میں سے 7 میں کامیابی حاصل کی اور 3 میں شکست ہوئی۔
راجا ثاقب مجید نے مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر 3 انتخابات میں حصہ لیا، مگر وہ ایک میں بھی کامیاب نہیں ہوئے۔ حلقہ کھاوڑہ میں مسلم لیگ ن کے اہم رہنما راجا عبدالقیوم، جو سابق وزیر بھی رہ چکے ہیں، ٹکٹ کے امیدوار ہیں، جبکہ سابق ٹکٹ ہولڈر راجا ابرار ایڈووکیٹ اور چوہدری شفقت بھی دوڑ میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق راجا عبدالقیوم نے پارٹی سے واضح کیا ہے کہ ان کی قربانیاں ٹکٹ کا حق بناتی ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق رجا ثاقب مجید کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے باوجود ان کے لیے انتخابات آسان نہیں ہوں گے، کیونکہ چوہدری لطیف اکبر پیپلز پارٹی کے مضبوط امیدوار ہیں۔ تاہم رجا ثاقب مجید ہر صورت جیت کر اسمبلی میں آنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
مزید پڑھیں۔یکم جنوری سےنئے کرنسی نوٹوں کے اجراءکااعلان















