اہم خبریں

آزاد کشمیر حکومت کا منگلا متاثرین کے لیے بڑا ریلیف پیکج

اسلام آباد (رضوان عباسی ) آزاد کشمیر حکومت نے منگلا ڈیم اپ ریزنگ منصوبے سے متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اُن کے بجلی کے تمام بقایا بل معاف کر دیے ہیں۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق منگلا ڈیم سے متاثر ہونے والے 2,376 گھرانوں کے بجلی کے بقایا جات مکمل طور پر ختم کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ توانائی و آبی وسائل آزاد کشمیر نے اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق بلات معافی کی مجموعی رقم 13 کروڑ 91 لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرین میں وہ تمام خاندان شامل ہیں جو منگلا ڈیم کی توسیع اور سطح آب بلند ہونے کے باعث اپنے گھروں سے بے دخل ہو کر دوسری جگہ منتقل ہونے پر مجبور ہوئے تھے۔ حکومت نے یہ فیصلہ منگلا ڈیم متاثرین کے طویل عرصے سے جاری مطالبات کے پیش نظر کیا ہے، جو کئی دہائیوں سے بجلی کے بلوں میں رعایت اور بقایا جات کی معافی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے سے ہزاروں متاثرہ خاندانوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔ بل معافی کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے اور تمام متاثرین کے بجلی میٹرز پر موجود پرانے بقایا جات کو زیرو کر دیا جائے گا،حکومتی اقدام کو عوامی حلقوں اور متاثرین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں۔ڈگری کی تصدیق کرانیوالے طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری

متعلقہ خبریں