اسلام آباد (نامہ نگار )آزاد کشمیر کی میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ سال 2008 میں ہونے والے معاہدے، جس کی تجدید 2021 میں کی گئی تھی، کو باقاعدہ طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ معاہدے کی منسوخی کی بنیادی وجوہات میں کرکٹ سٹیڈیم کی مناسب دیکھ بھال میں ناکامی، کرکٹ کے فروغ میں عدم دلچسپی، اور اسٹیڈیم عمارت کی خراب صورتحال شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ایم ڈی اے نے معاہدے کی شق 18 کے تحت پی سی بی کو پیشگی ایک سالہ نوٹس جاری کیا تھا، جس میں متذکرہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کا تقاضا کیا گیا۔ تاہم پی سی بی کی جانب سے نہ تو سٹیڈیم کی حالت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے، اور نہ ہی کرکٹ سرگرمیوں میں کوئی واضح بہتری لائی گئی۔
ان حالات کے پیش نظر اتھارٹی نے فوری طور پر معاہدہ غیر مؤثر اور کالعدم قرار دے دیا ہے۔ایم ڈی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پی سی بی کا عملہ فوری طور پر میرپور کرکٹ اسٹیڈیم کا انتظام ایم ڈی اے کے شعبہ پارکس و تفریح کے حوالے کرے، اور آئندہ پاکستان کرکٹ بورڈ یا اس کے کسی نمائندے کا اس اسٹیڈیم سے کوئی تعلق یا واسطہ باقی نہیں رہے گا۔دوسری جانب میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنے دفاتر میں جاری سیاسی مداخلت اور غیر ضروری سفارشات کے رجحان پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ملازمین کو متنبہ کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق، بعض ملازمین معزز ممبران اسمبلی اور دیگر سیاسی فورمز سے تبادلوں، تعیناتیوں اور من پسند پوسٹنگز کے لیے سفارشات کروا رہے ہیں، جو کہ ادارے کے نظم و ضبط اور انتظامی ڈھانچے کو متاثر کر رہی ہیں۔ایم ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی ملازم کی جانب سے ایسی سرگرمی یا کوشش پر، جس کا مقصد دفتری معاملات پر اثر انداز ہونا ہو، اس کے خلاف E&D Rules کے تحت سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں :کیا سہیل آفریدی کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ ہو نگے؟ایڈوائزری کونسل کہاں سےآگئی،اہم انکشاف