اہم خبریں

آزاد کشمیر میں مون سون بارشوں اور حادثات سے اب تک 38 اموات، 2278 مکانات متاثر

اسلام آباد (رضوان عباسی سے) آزاد جموں و کشمیر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی مون سون 2025 کے حوالے سے یکم جون سے 4 ستمبر تک کے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ اے بی این نیوز نے حاصل کر لی ۔

رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات اور بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 38 افراد جاں بحق جبکہ 31 زخمی ہوئے ہیں۔ایس ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 2278 مکانات متاثر ہوئے ہیں جن میں سے متعدد مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

اس کے علاوہ 60 دکانیں تباہ اور 238 مویشی ہلاک ہوئے۔رپورٹ کے مطابق مظفرآباد میں 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی اور 125 سے زائد مکانات متاثر ہوئے۔ جہلم ویلی میں ایک ہلاکت، 21 مکانات مکمل اور 124 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔ وادی نیلم میں 5 اموات کے ساتھ 180 جانور ہلاک اور 15 انفراسٹرکچر مقامات متاثر ہوئے۔ باغ میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 28 مکانات مکمل اور 109 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔

پونچھ میں ایک ہلاکت اور 102 مکانات مکمل جبکہ 392 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔ سدھنوتی میں ایک ہلاکت، 67 مکانات مکمل اور 413 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔ حویلی میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 34 مکانات مکمل اور 456 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔ کوٹلی میں 2 ہلاکتیں، 25 مکانات مکمل اور 310 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔

بھمبر میں ایک ہلاکت اور 47 مکانات متاثر ہوئے جبکہ میرپور میں 2 افراد جاں بحق اور 9 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے۔انفراسٹرکچر کے لحاظ سے 26 پاور ہاؤسز متاثر ہوئے ہیں جبکہ مواصلاتی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ سی اینڈ ڈبلیو کی 100 کلومیٹر سڑکیں، ایل جی اینڈ آر ڈی کی 232 کلومیٹر سڑکیں، 79 پل اور 124 واٹر سپلائی اسکیمیں متاثر ہوئیں۔

دریاؤں کی صورتحال کے مطابق دریائے جہلم کا بہاؤ چکوٹھی پوائنٹ پر 14,001 کیوسک، دریائے نیلم کریم آباد پوائنٹ پر 619 کیوسک اور دریائے پونچھ کوٹلی پوائنٹ پر 7,219 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایس ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں تمام مرکزی شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔ تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہوا اور گرج چمک کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: نارنگ منڈی ،موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ،علماء کونسل کے رہنما جاں بحق

متعلقہ خبریں