اسلام آباد (رضوان عباسی سے) آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے-15 (شرقی باغ) میں ہونے والے 2021ء کے عام انتخابات کو الیکشن ٹربیونل نے کالعدم قرار دے دیا۔
الیکشن ٹربیونل نے دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے الزامات ثابت ہونے پر حلقہ میں دوبارہ پولنگ کا حکم جاری کر دیا۔ٹربیونل کے جج حافظ محمد اکرم نے پیر کے روز محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔
یہ فیصلہ اصل میں 16 جولائی کو سنایا جانا تھا تاہم جج کے قریبی عزیز کے انتقال کے باعث مؤخر کر دیا گیا تھا۔یہ درخواست پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار قمر الزمان کی جانب سے دائر کی گئی تھی جنہوں نے 2021ء میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار میر اکبر کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔
درخواست گزار نے عدالت کے روبرو دھاندلی، آئینی خلاف ورزیوں اور انتخابی بے ضابطگیوں کے ٹھوس شواہد پیش کیے تھے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ “الیکشن شفاف اور غیرجانبدارانہ نہیں تھے، قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے اور الیکشن کالعدم قرار دینے کے لیے مکمل جواز موجود تھا۔
فیصلے کے بعد سیاسی اور قانونی حلقوں میں اسے انتخابی اصلاحات کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق 2021ء کے انتخابات میں سردار قمر الزمان اور سردار میر اکبر کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تھا۔ بعض پولنگ اسٹیشنوں پر پرتشدد واقعات پیش آئے جہاں بوتھوں کو نذر آتش کیا گیا، جس کے باعث ان پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانا پڑی۔
دوبارہ پولنگ کے نتیجے میں سردار قمر الزمان کو صرف 296 ووٹوں سے شکست ہوئی۔ ذرائع کے مطابق کئی پولنگ اسٹیشنوں پر 90 فیصد سے زائد ووٹ ڈالے گئے
جس نے انتخابی عمل کی شفافیت پر سنجیدہ سوالات کھڑے کیے۔واضح رہے کہ سردار میر اکبر پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر جبکہ سردار قمر الزمان پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کے طور پر میدان میں اترے تھے۔
سکردو دویوسائی روڈ پر کلائوڈ برسٹ ، کئی گاڑیاں سیلاب کی نظر،50گاڑیاں ، سیاح پھنس گئے، پاک فوج کے دستے پہنچ گئے