اہم خبریں

معروف قانون دان مرزا نواز جرال ایڈووکیٹ فائرنگ سے جاں بحق، آزادکشمیر بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

بھمبر(اے بی این نیوز)سینئر قانون دان اور ممبر بار ایسوسی ایشن برنالہ، مرزا نواز جرال ایڈووکیٹ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ دل دہلا دینے والا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مرزا نواز جرال ایڈووکیٹ اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔

نامعلوم افراد نے مرزانواز جرال کی گاڑی پر تندڑ کے قریب اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اس افسوسناک واقعے پر وکلاء برادری میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وائس چیئرمین بار کونسل آزاد کشمیر، سردار مشتاق شاہین ایڈووکیٹ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آزاد کشمیر بھر کی عدالتوں کے مکمل بائیکاٹ اور احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ آزاد کشمیر جناب صداقت حسین راجہ نے اس اندوہناک سانحے پر 22 اپریل کو عدالت العالیہ اور تمام ماتحت عدالتیں بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

کل آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں وکلاء احتجاجی مظاہرے کریں گے، جبکہ مرزا نواز جرال ایڈووکیٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ واقعے نے خطے میں عدم تحفظ کی فضا کو مزید گہرا کر دیا ہے، جبکہ عوامی حلقوں نے بھی حکومت سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
قائد مسلم لیگ ن میاں نواازشریف کی طبیعت خراب، برطانیہ میں قیام بڑھا دیا

متعلقہ خبریں