میرپور ( اے بی این نیوز )آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے سگریٹ اسمگلنگ کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے ضلع میرپور سے تمباکو مصنوعات کی بیرون اضلاع ترسیل پر مزید سختی کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میرپور یاسر ریاض نے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو ایکسائز سرکل میرپور کی سفارش پر عمل کرتے ہوئے دفعہ 144 کے تحت بعد از مغرب تا طلوع آفتاب تمباکو مصنوعات کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو کے مطابق، میرپور میں قائم کئی سگریٹ فیکٹریوں کے مالکان اپنی مصنوعات خفیہ راستوں کے ذریعے پنجاب منتقل کرتے ہیں، خصوصاً رات کے اوقات میں، جس سے حکومت آزاد کشمیر کو ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے اپنے حکم نامے میں واضح کیا کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد، فیکٹری مالکان یا گاڑیوں کے ڈرائیورز کے خلاف آزاد جموں و کشمیر پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔یہ فیصلہ تمباکو مصنوعات کی غیر قانونی ترسیل پر قابو پانے اور آزاد کشمیر کی معیشت کو نقصان سے بچانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔یہ اقدام اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت تمباکو مصنوعات کی اسمگلنگ کے سدباب اور ریونیو میں اضافے کے لیے سنجیدہ اور متحرک ہے۔