اہم خبریں

بیرسٹر حمید بشانی ایک جید وکیل، زرخیز قلم کار، اور کشمیری قوم کے لیے مخلص آواز تھے،ڈاکٹر غلام نبی فائی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فئی نے معروف کشمیری قانون دان، مصنف، اور سیاسی تجزیہ کار بیرسٹر حمید بشانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹر فئی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بیرسٹر حمید بشانی نے اپنی زندگی ایک اصولی موقف کے ساتھ گزاری — ایک آزاد، سیکولر کشمیر کے تصور پر قائم رہتے ہوئے۔ ان کی شرافت، خوش اخلاقی اور نرم گفتاری ان کی شخصیت کا خاصہ تھی۔ اختلافات کے باوجود، وہ اپنی سوچ اور نظریے پر آخر دم تک ثابت قدم رہے۔بیرسٹر بشانی کینیڈا میں مقیم تھے اور ایڈووکیٹس انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ ایک جید وکیل، زرخیز قلم کار، اور کشمیری قوم کے لیے مخلص آواز تھے۔ڈاکٹر فئی نے یاد کیا کہ ان کی بیرسٹر بشانی سے چند عالمی تقریبات میں ملاقات ہوئی، لیکن ایک تفصیلی نشست نومبر 2018 میں واشنگٹن میں ہوئی جب وہ سردار خالد ابراہیم خان (مرحوم صدر، جموں کشمیر پیپلز پارٹی) کی یاد میں کشمیر ہاؤس میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر بیرسٹر بشانی سے تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں انہوں نے کشمیری ڈایاسپورا کے درمیان ایک مشترکہ بیانیے کی اہمیت پر زور دیا جو عالمی برادری کے لیے قابل قبول ہو۔ڈاکٹر فئی کے مطابق، بیرسٹر بشانی نے واضح مؤقف اختیار کیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادیں کشمیریوں کو یہ حق دیتی ہیں کہ وہ ہندوستان یا پاکستان کے ساتھ الحاق کریں یا آزاد رہیں۔ انہوں نے بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انتخابات، حقِ خودارادیت کے نعم البدل نہیں ہو سکتے۔مزید گفتگو میں بیرسٹر بشانی نے امریکی پالیسی پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ امریکہ کا بنیادی مقصد خطے میں کشیدگی کا خاتمہ ہے، نہ کہ کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال، یعنی اسٹیٹس کو، کشمیر کے کسی بھی خطے کے لیے قابلِ قبول نہیں۔ڈاکٹر غلام نبی فئی نے کہا کہ بیرسٹر بشانی کی ہمدردی، انسان دوستی اور اصول پسندی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں :راولپنڈی میں پی ایس ایل کی پہلی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کب ہو گی جا نئے،اہم گلو کار مدھر آواز کا جادو جگائیں گے،بھرپور آتش بازی

متعلقہ خبریں