اہم خبریں

آزاد کشمیر کے محکمہ صنعت و تجارت میں اندھیر نگری چوپٹ راج،اقربا پروری کی ہو شربا رپورٹ سامنے آگئی

اسلام آباد(رضوان عباسی )آزاد کشمیر کے محکمہ صنعت و تجارت میں مبینہ طور پر منظور نظر کو نوازنے کے لیے محکمے کے ترقیاتی قواعد میں غیر معمولی ترامیم کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے سینئر افسران کی ترقیابی کے مواقع شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق، مبینہ طور پر ایک افسر نے ازخود گریڈ 17 اور 18 کے محکمانہ ترقیابی قواعد میں ترمیم کا مسودہ تیار کیا ہے،

جس کا مقصداقربا پروری ہے۔ اس اقدام سے وہ افسران شدید متاثر ہوں گے جو کئی سالوں سے ترقی کے منتظر ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں کہ اپنے قریبی اہلکار کو نوازنے کے لیے قواعد میں تبدیلی کی کوشش کی ہو۔ گزشتہ سال بھی اسی نوعیت کی ترمیمی تجاویز قواعد کمیٹی کو بھجوائی تھیں، تاہم متاثرہ سینئر افسران کے احتجاج کے باعث وہ مسودہ مسترد کر دیا گیا تھا۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، سیکرٹریٹ صنعت و تجارت نے صرف گریڈ 1 تا 15 کی آسامیوں کے ترقیاتی قواعد میں ترمیم کے لیے ہدایات جاری کی تھیں، لیکن از خود گریڈ 16 تا 18 کے ترقیاتی قواعد میں تبدیلی کا ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا ہے، جسے جلد سیکرٹریٹ بھجوانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ متاثر ہو نے والوں نے کہا کہ یہ ترمیمی کوشش نہ صرف دیگر سینئر افسران کے حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے گریڈ 18 کی نائب ناظم سرمایہ کاری سمیت دیگر اہم آسامیوں پر ترقی کے یکساں مواقع بھی ختم ہو جائیں گے۔

گڈ گورننس اور میرٹ کو یقینی بنانے کے دعوے کرنے والی حکومت کے لیے یہ ایک امتحان ہے۔ وزیرِاعظم کو فوری طور پر اس مبینہ اقربا پروری کا نوٹس لے کر اس ترمیمی مسودے کو مسترد کروانا چاہیے تاکہ محکمے میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی برقرار رہے اور دیگر سینئر افسران کی ترقیابی کی راہ میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

مزید پڑھیں :حکومتی کوششوں اوراعلان کے باوجود چینی کی قیمت180روپے فی کلو،عوا م مہنگی خریدنے پر مجبور

متعلقہ خبریں