اہم خبریں

میرپور میں لا قانونیت کا راج، ٹرانسپورٹ اڈے مالکان خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں، وزیر محکمہ ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر

اسلام آباد (رضوان عباسی )آزاد کشمیر کے اہم تجارتی اور سفری مرکز میرپور بس اڈہ گزشتہ 25 سالوں سے غیر قانونی طور پر قابض ٹرانسپورٹ مافیا کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے، جس کی وجہ سے ریاستی خزانے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ بس اڈے کی لیز مدت ختم ہونے کے باوجود، مالکان ناجائز طور پر قابض ہیں اور حکومت کی رٹ کو کھلے عام چیلنج کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، میرپور بس اڈے کی لیز 25 سال قبل انتہائی کم نرخوں پر دی گئی تھی اور آج بھی اسی پرانی شرائط پر چل رہی ہے، جبکہ ٹرانسپورٹرز یومیہ لاکھوں روپے کماتے ہیں مگر خزانے میں محض چند ہزار روپے جمع کرواتے ہیں۔ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے بارہا مطالبے کے باوجود، بلدیہ میرپور نے اڈے کی نیلامی سے متعلق کوئی پیش رفت نہیں کی، جس کے باعث حکومتی آمدن میں سالانہ 6 سے 9 کروڑ روپے کے ممکنہ اضافے کو روکا جا رہا ہے۔
حیران کن طور پر، سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود بس اڈے کی نیلامی میں غیر ضروری تاخیر کی جا رہی ہے، جبکہ بلدیہ میرپور کی جانب سے مخصوص افراد کو نوازنے کی منصوبہ بندی بھی سامنے آئی ہے۔ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور محکمہ خزانہ کے اعتراضات کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ معاملہ طاقتور مافیا کے دباؤ میں دبا ہوا ہے۔
معتبر ذرائع کے مطابق، ٹرانسپورٹرز نے اوپن نیلامی پر فوری طور پر 5 کروڑ روپے جمع کرانے کی پیشکش بھی کی ہے، مگر اس کے باوجود بلدیہ میرپور کی پراسرار خاموشی شکوک و شبہات کو جنم دے رہی ہے۔ وزیر برائے محکمہ ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر جاوید بٹ کا کہنا ہے کہ “اڈے مالکان نہ صرف غیر قانونی قابض ہیں بلکہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے باوجود کسی قسم کی تفصیلات فراہم کرنے سے بھی انکاری ہیں۔
ٹرانسپورٹرز اور شہری حلقے مسلسل بس اڈے کی فوری اوپن نیلامی کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ حکومتی آمدن میں اضافہ ہو اور سفری سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ دوسری جانب، بلدیہ میرپور کی جانب سے پرانے اجارہ داروں کو نوازنے کی کوششوں پر بھی سخت اعتراضات سامنے آ رہے ہیں۔اگر حکومت نے بس اڈے کی نیلامی کو مزید تاخیر کا شکار کیا تو ریاستی خزانے کو مزید کروڑوں کا نقصان ہوگا، جبکہ میرپور کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات سے محروم رکھا جائے گا۔ یہ معاملہ فوری توجہ کا متقاضی ہے تاکہ ٹرانسپورٹ مافیا کے چنگل سے میرپور بس اڈے کو آزاد کروایا جا سکے#

مزید پڑھیں :راولپنڈی میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے مخصوص گرین لین متعارف کرا دی گئی

متعلقہ خبریں