مظفرآباد(نیوز ڈیسک )حکومت آزاد کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ 7 ستمبر کو سرکاری طور پر یوم ختم نبوتؐ کے طور پر منایا جائے گا۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے اعلان کیا کہ 7 ستمبر کو یوم ختم نبوتؐ کے طور پر سرکاری طور پر منایا جائے گا۔آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ وہ یوم ختم نبوت سرکاری سطح پر منائیں گے۔ قومی اسمبلی سے قبل آزاد کشمیر اسمبلی نے ختم نبوت سے متعلق قرارداد منظور کر لی۔
آج، قانون ساز اسمبلی نے 7 ستمبر کو یوم ختم نبوتؐ منانے کی قرارداد منظور کی۔چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، ‘ہم ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے، ہم نے عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے، عوام کو سہولیات فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔
آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ تین ماہ سے تین روپے فی یونٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔ موجودہ حکومت میں ایسے معجزے ہوئے ہیں جن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ترقیاتی منصوبوں میں مکمل تعاون کر رہی ہے، کشمیری عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج اہم پریس کانفرنس کرینگے