راولاکوٹ(نیوز ڈیسک ) آزاد کشمیر پولیس نے ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے فرار ہونے والے دو قیدیوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔چند روز قبل راولاکوٹ جیل سے 19 قیدی فرار ہوئے تھے جن میں سے ایک فرار کے دوران مارا گیا تھا۔ فرار ہونے والوں میں سزائے موت کے سات سے زائد قیدی بھی شامل تھے۔
30 گھنٹے گزرنے کے باوجود راولاکوٹ پولیس فرار قیدیوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد آئی جی آزاد کشمیر نے فرار ہونے والے قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کا ٹاسک ایڈیشنل ایس پی میرپور خاور علی شوکت اور ایس پی باغ خرم اقبال کو سونپا۔دونوں ایس پیز نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دیں۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب، ایس پی خاور علی اور ایس پی خرم اقبال کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے راولاکوٹ کے قریبی جنگل میں کارروائی کے دوران سزائے موت کے اہم ترین مفرور قیدی عثمان کو گرفتار کر لیا۔
آپریشن میں تین پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال میں طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق پولیس کی دوسری کارروائی میں فرار ہونے والے قیدی فیضان عزیز کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ باقی مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور جلد ہی سب کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ٹربیونلز کی تشکیل ،سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے معطل کردیئے