مظفرآباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر پاکستان اور کشمیریوں کے درمیان گہرے قلبی تعلق کا عکاس ہے۔آج کے دن میں نگران وزیراعظم پاکستان انوارلحق کاکڑ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے موثر اور جاندار انداز میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بات کی اور ہندوستان کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا اور آزادکشمیر کے مسائل کے حل پر توجہ دی ہے. پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے.
اس موقع پر افواج پاکستان کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت تحسین پیش کرتا ہوں جو وہ آزادکشمیر کے دفاع اور سلامتی کے لئے دے رہے ہیں. ہندوستانی وزیراعظم مودی کو دوٹوک الفاظ میں بتانا چاہتا ہوں کہ اگر کسی بھی سطح سے کسی ایڈونچر یا کسی خواہش کا بھی سوچا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا.
وزیراعظم نے کہا کہ امن کے داعی ہیں لیکن عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے. وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے ان خیالات کا اظہار یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے وزیراعظم پاکستان انوارلحق کاکڑ نے بھی خطاب کیا. اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آج پاکستانی عوام, آزادکشمیر کے عوام اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری, مقبوضہ جموں و کشمیر کی دلیر اور جرات پسند عوام کے ساتھ یوم یکجہتی منا رہے ہیں. وزیراعظم نے کہا کہ دس ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود آج تک موجودہ حکومت کے کسی وزیر پر ایک پیسے کی کرپشن کا داغ نہیں ہے.
انہوں نے کہا کہ اقتدار منزل نہیں ہے. تحریک آزادی کشمیر اور ریاست کے عوام کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے. وزیراعظم نے کہا کہ حریت رہنماؤں کے ساتھ ملکر جموں کشمیر حریت کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے. ریاست کے وسائل کو صرف اور صرف تحریک آزادی کشمیر اور خطہ کے عوام پر خرچ کریں گے. وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن اس عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں کہ ہمارے آباؤاجداد نے جو جدوجہد کی اسے الحاق پاکستان کی منزل کے حصول تک جاری رکھیں گے.
وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر بیرون ملک آباد کشمیریوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ ہمیں اجتماعی دانش کے تحت عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پر توجہ دلوانی ہے. انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ 8 فروری کے بعد منتخب حکومت مسئلہ کشمیر کو پوری قوت سے اجاگر کرے گی.
مزید پڑھیں: اعجاز چوہدری ، یاسمین راشد ، محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے تعلق ایمان کا حصہ ہے. وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا اور اس کا الحاق پاکستان سے ہوگا.انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ نظریاتی تعلق ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس تعلق کو اگلی نسلوں میں منتقل کریں گے، آزادکشمیر کے وسائل کو تحریک آزادی کی طرف موڑ دیا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کروایا جا سکے