نیویارک(نیوزڈیسک)معروف امریکی سوشل میڈیا ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ نےاپنی منیجمنٹ ٹیم میں تبدیلی کرتے ہوئے 20 کے قریب پروڈیکٹ منیجرز کو ملازمت سے فارغ کر دیا ۔رپورٹ کے مطابق ملازمین کوملازمت سے نکالے جانے کے اس سلسلے کا آغاز کمپنی کی چند ماہ سے جاری تبدیلیوں کے دوران ہوا، ملازمین کی برطرفیاں گزشتہ سال کی جانے والی 13 سو ملازمین کی برطرفیوں کی نسبت بہت کم ہیں۔کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملازمین کی برطرفیوں کا مقصد فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرنا تھا کیونکہ جن ملازمین کو برطرف کیا گیا ان میں نچلے درجے کے ملازمین اور اعلیٰ سطح کے منیجرز شامل تھے۔رپورٹ کے مطابق ملازمین کی برطرفی کی ایک اور ممکنہ وجہ کمپنی کی بنیادی ترجیحات کو پورا کرنے اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے اخراجات کو کم کرنا ہوسکتی ہے۔ اسنیپ چیٹ نے 2023ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران اپنی آمدنی میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا، کمپنی کی آمدنی چھ ماہ میں پہلی بار 1.19 بلین ڈالر تک بڑھ گئی ۔
