اہم خبریں

چین میں ٹرک جنازے کی آخری رسومات کے اجتماع پرچڑھ دوڑا،19 افراد ہلاک

بیجنگ (نیوزڈیسک)چین کے صوبے جیانگ شی میں ٹریفک حادثے میں 19 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے مقامی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ نانچانگ کاؤنٹی میں بڑا ٹریفک حادثہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے جامع تحقیقات کی جارہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایک ٹرک کے جنازے کی آخری رسومات کے اجتماع پر چڑھ دوڑنے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔مقامی خاتون ڈینگ نے بتایا کہ لوگ جسد خاکی کو شمشان گھاٹ لے جانے سے قبل سڑک کے کنارے آخری رسومات ادا کر رہے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان پر ایک ٹرک چڑھ دوڑا، مرنے والوں میں زیادہ تر افراد وہ ہیں، جو آخری رسومات میں شریک تھے۔ایک اور مقامی شخص گونگ نے بتایا تھا کہ اس کی بیوی اس حادثے میں ہلاک ہوگئی، وہ آخری رسومات میں شریک تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثے کی خبر سامنے آنے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد کاؤنٹی ٹریفک پولیس نے ڈرائیوروں کو سفری ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں دھند کی صورتحال ہے۔رپورٹ کے مطابق ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا کہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، آہستہ اور احتیاط سے گاڑی چلائیں، آگے جانے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، لائن تبدیل نہ کریں۔

متعلقہ خبریں