صنعا(نیوزڈیسک)یمن میں حوثی باغی ملیشیا کی جانب سے عام شہریوں کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں۔دہشتگرد گروہ نے صنعاء کے جنوب میں ٹی وی پریزنٹر اشواق الیریمی کو اس وقت اغوا کر لیا جب وہ سفر کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کے ذرائع نے بتایا کہ حوثی بندوق بردار خاتون اینکر اشواق الیریمی کو دو ساتھیوں کے ساتھ بلاد الروس علاقے کے سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ اور پھر صنعا کے سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ میں لے گئے اور پھر اسے رہا کرنے سے انکار کر دیا۔ذرائع نے بتایا کہ صنعاء کے سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ نے اینکر الیریمی کے رشتہ داروں کو مطلع کیا کہ اشواق نے صنعا کے جنوب میں واقع ذمار گورنری جاتے ہوئے بغیر محرم سفر کیا تھا۔ اس لئے اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔اس پر تبصرہ کرتے ہوئے یمن کے وزیر اطلاعات معمر العریانی نے کہا کہ ایران سے وابستہ دہشت گرد حوثی ملیشیا نے ٹی وی پریزینٹر اشواق الیریمی کو اس وقت اغوا کر لیا جب وہ صنعاء اور ذمار کی گورنریوں کے درمیان سفر کر رہی تھیں۔ الیریمی کو محرم نہ ہونے کے بہانے گرفتار کرکے نام نہاد ’’ سکیورٹی اینڈ انٹیلی جنس سروس‘‘ کے پاس لے جایا گیا۔ یہ واقعہ بھی حوثی ملیشیا کی خواتین کو اغوا کرنے اور چھپانے کے جرائم کی ایک توسیع ہے۔ ملیشیا نے سیاسی، میڈیا اور انسانی حقوق کی سرگرمیوں پر زبردستی مسلط کر رکھی ہے۔