فلوریڈا(نیوزڈیسک)ایک امریکی خاتون نے پیرانہ سالی کے باوجود دوسالہ ڈگری حاصل کی ہے لیکن انہوں نے آن لائن رہتے ہوئے اس کےاکتسابی مراحل پورےکئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 89سالہ جوآن ڈونووان نے تخلیقی مضمون نثرنگاری (کری ایٹوو رائٹنگ) میں آن لائن رہتے ہوئے سدرن نیو ہیمپشائر یونیورسٹی سے ماسٹرز کیا ہے۔ جب کرسمس کےموقع پرانہیں ڈگری دی گئی تو انہوں نے اسے دوہری خوشی قرار دیا ۔جوآن فلوریڈا میں رہتی ہیں نے اس موقع پر گھر میں ایک تقریب رکھی اور گریجویشن تقریب لباس پہن کر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نےبتایا کہ 16 برس کی عمر میں وہ ہائی اسکول پاس کرچکی تھیں لیکن مزید تعلیم کے لیے ان کے اہلِ خانہ کے پاس رقم نہ تھی۔ انہوں نے ایک مقامی کالج میں داخلہ لیا لیکن شادی کی وجہ سے اسے بھی جاری نہ رکھ سکیں۔تاہم جب ان کے بچے شادی کے بعد گھر چھوڑ گئے تو پہلے انہوں نے 84 برس کی عمر میں بیچلرز کیا جو چار سالہ کورس پر محیط تھا۔ وہ کری ایٹوو رائٹنگ میں ماسٹرز کرنا چاہتی تھیں لیکن کئی جامعات نے داخلہ دینے سے انکار کردیا اور اب انہوں نے نیو ہیمپشائر یونیورسٹی سے ماسٹرز کیا ہے جو آن لائن کورس تھا۔اپنی خواہش پوری ہونے پر جوآن بہت مسرور ہیں اور انہوں نےنئی نسل کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی موقع پر ہمت نہ ہاریں۔