لندن(نیوزڈیسک)برطانوی وزارت انصاف نے کہا ہے کہ ضمانتوں پر رہا لاکھوں مجرم دوبارہ جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کی وزارتِ انصاف نے پارلیمنٹ میں لیبر پارٹی کے سوال کے جواب میں یہ انکشاف کیا۔ وزارت انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ضمانت پر رہا لوگوں نے 9 لاکھ سے زائد سنگین جرائم کا ارتکاب کیا۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق تمام جرائم حکمران ٹوری پارٹی کے دورِ حکومت میں ہوئے۔ ضمانت پر رہا 7 ہزار سے زائد افراد جنسی جرائم کے مرتکب ہوئے۔ جرائم میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ زیادتی بھی شامل ہے۔ سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال ضمانتوں پر رہا 20 ہزار سے زائد مجرمان دوبارہ جرائم کے مرتکب ہوئے۔ دوسری جانب سرکاری ترجمان نے اس حوالے سے اپنے ردعمل میں کہا کہ ضمانت کا فیصلہ آزاد جج کرتا ہے۔ پولیس یا حکومت کا ضمانتوں میں کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔