لندن(نیوزڈیسک)برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ملٹری انٹیلیجنس سیکشن 6 (ایم آئی 6) کے سربراہ نے روسی شہریوں سے کہا ہے کہ ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ایم آئی 6 کے سربراہ نے منحرف روسی شہریوں کو اپنے ملک کے خفیہ راز برطانوی انٹیلیجنس سے شیئر کرنے کی ترغیب دی ہے۔آج ایک غیرمعمولی تقریر کرتے ہوئے خفیہ ایجنسی کے سربراہ رچرڈ مور نے کہا کہ میں انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ اس کام میں شامل ہوجائیں جو پچھلے 18 مہینے سے دیگر کئی شہری کرچکے ہیں اور ہمارے ساتھ ہاتھ ملا لیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، ہم ان کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھیں گے اور پیشہ ورانہ انداز میں اس تمام معاملے کو نمٹائیں گے جس کیلئے میری ایجنسی شہرت رکھتی ہے۔رچرڈ مور نے روسی شہریوں کیلئے مزید کہا کہ ان کے راز ہمارے پاس ہمیشہ محفوظ رہیں گے۔
