اہم خبریں

عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گری کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات اٹھائے، قمرزمان کائرہ

اسلام آباد( نیوز ڈیسک )وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات عالمی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے،اقوام متحدہ اور عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گری کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں ۔جمعرات کویوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ حق خودارادیت کے لیے پاس کی گئی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، کشمیریوں کے حوالے سے حق خودارادیت کی قراردادوں کو پاس ہوئے 74 سال کا عرصہ گزر چکا ، انہیں بھارت کے ناجائز تسلط سے آزاد کروایا جائے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حق خود ارادیت کی خاطر ہزاروں کشمیری اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں،بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے، وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیلی طرز کی پالیسیوں پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 05 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی آڑ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر رہا ہے،بھارتی اقدامات عالمی قوانین اور چوتھے جینیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہیں،اقوام متحدہ اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گری کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دنیا کے تمام فورمز پر کشمیروں کے حقوق کی جنگ جرات مندانہ انداز میں لڑ رہے ہیں،مسئلہ کشمیر پر مضبوط موقف کے باعث بھارت میں بلاول بھٹو زرداری کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ انہوں نےکشمیریوں کے حقوق کی جنگ دنیا کے تمام فورمز پر جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔

متعلقہ خبریں