نئی دلی(اے بی این نیوز)بھارت اپنی بحری فوج کیلئے فرانس سے 26رافیل طیارے اور 3اسکارپین آبدوزیں خریدے گا۔ بھارتی وزارت دفاع نے اس سلسلے میں منظوری دیدی ہے۔بھارتی وزارت دفاع کے ایک افسر نے بتایا کہ دفاعی کونسل نے راج ناتھ سنگھ کی زیر صدارت اجلاس میں بحریہ کیلئے تین اضافی اسکارپین درجے کی آبدوزوں کے ساتھ ساتھ 26رافیل جنگی طیارے خریدنے کی تجویز کی منظوری دی ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے بھی بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی نیوی کے لیے 26 رافیل جنگی جہاز اور 3 اسکارپین کلاس آبدوزیں خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔یاد رہے کہ دفاعی کونسل کی یہ منظوری ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی فرانس کے دورے پر ہیں، وہ جمعرات کو دو روزہ دورے پر فرانس پہنچے تھے۔ نریندر مودی دورے کے دوران 26رافیل جہاز(رافیل ایم)اور تین اسکارپین کیٹگری کی روایتی آبدوز خریدنے کیلئے اربوں ڈالر کے سودے کا معاہدہ کرسکتے ہیں ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 26طیاروں میں سے 4 ٹرینر طیارے ہونگے ۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ معاہدہ 90ہزار کروڑ روپے سے زائد کا ہوگا۔یاد رہے کہ مودی حکومت نے رواں برس بھارتی دفاعی بجٹ میں 13 فیصد کا اضافہ کرتے ہوئے مالی سال 24-2023 کے لیے اس مد میں 5.94 کھرب روپے مختص کیے ہیں۔بھارت گزشتہ چار دہائیوں سے فرانسیسی لڑاکا طیاروں پر انحصار کر رہا ہے ۔ وہ ائر فورس کیلئے فرانس سے پہلے متعدد رافیل طیارے حاصل کر چکا ہے۔ اس نے 1980 کی دہائی میں فرانس سے میراج جیٹ طیارے خریدے تھے جو اب بھی فضائیہ کے دو اسکواڈرن پر مشتمل ہیں۔ 2005 میں بھارت نے فرانس سے 188 ارب روپے میں 6 اسکارپین کلاس ڈیزل آبدوزیں خریدیں تھیں۔
