اہم خبریں

میکسیکو جیل پر حملہ، محافظوں سمیت 17 افرادہلاک، گینگ کے سرغنہ سمیت 25 قیدی فرار ہونے میں کامیاب

میکسیکو(نیوز ڈیسک ) ایل پاسو، ٹیکساس سرحد کے پار سیوڈاڈ ہواریز میں ریاستی جیل پر حملے کے بعد مرنے والوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے، گینگ سرغنہ سمیت 25 قیدی فرار ہو گئےجب کہ رائٹرز کی رپورٹ میں یہ تعداد 19 بتائی گئی ہے ۔سیکیورٹی سے متعلق عہدے دار روزا آئسلا راڈریگر نے پیر کے روز بتایا کہ اس حملے میں جیل کے دس محافظ ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز بکتر بند گاڑیوں میں سوار لوگ مسلح ہو کر ریاستی جیل پہنچے اور داخلی دروازے کے رہائشی کوارٹرز پر حملہ کیا۔ اس موقع پر ہونے والی بھگدڑ کے دوران 25 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔میکسیکو حکام کے مطابق اگست کے مہینے میں اسی جیل میں شروع ہونے والےہنگامے واریز شہر کی سڑکوں تک پھیل گئے تھے اور گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔میکسیکو کی ریاست چیواوا کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے ایک بیان میں بتایا کہ صبح سویرے متعدد مسلح افراد گاڑیوں میں سوار ہو کر آئے اور انہوں نے جیل پر دھاوا بول دیا۔ فوجیوں اور ریاستی پولیس نے ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد جیل کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا ہے۔ جیل کے معائنے کے دوران حکام کو پتہ چلا کہ قیدیوں کی دس کوٹھریوں میں وی آئی پی سہولیات موجود تھیں جن میں ٹیلی وژن بھی تھے، جبکہ ایک کوٹھری میں نقدی سے بھری ہوئی ایک تجوری بھی موجود تھی۔میکسیکو کی جیلوں میں تشدد کے واقعات کثرت سے ہوتے ہیں، بشمول کچھ ایسی جیلوں کےجہاں حکام صرف برائے نام کنٹرول رکھتے ہیں۔ حریف گروہوں کے قیدیوں کے درمیان باقاعدگی سے جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جو واریز جیسے مقامات پر منشیات کے کارٹلز کے لیے پراکسی کا کام کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں