ریاض(نیوزڈیسک)سعودی عرب کے پبلک پراسیکیوٹر نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں غیرملکی شہریوں کی مبینہ توہین کے مرتکب دو افراد کوفوری طورپر گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ پارلیمانی مانیٹرنگ سینٹر کی جانب سے سوشل میڈیامانیٹرنگ کے دوران ایک ویڈیو کا پتا چلا ہے جس میں دو افراد کو غیرملکی تارکین وطن کے لیے توہین آمیز الفاظ کا استعمال کرتے سنا جا سکتا ہے۔ملزمان میں سے ایک نے خواتین کے کپڑے پہن رکھے ہیں اور دونوں گاڑی میں بیٹھے ہیں۔ اس موقعے پر وہ عوامی اخلاقیات اور نجی زندگی کے تقدس کے خلاف گفتگو کررہے ہیں۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد پبلک پراسیکیوٹر نے مذکورہ افراد کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف فوجداری مقدمہ قائم کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ذرائع کا کہناتھا کہ ملزمان کی نشاندہی کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
