انقرہ(نیوزڈیسک)مسلسل تیسری مرتبہ ترکیہ کے صدر منتخب ہونے والے طیب ایردوآن نے حلف اٹھا لیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے رجب طیب ایردوان کی حلف برداری کی تقریب ہفتے کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تین بجےدارالحکومت انقرہ میں ہو ئی۔ ایردوان کی تقریبِ حلف برداری میں نیٹو کے سربراہ ینز اسٹولٹنبرگ، وینزویلا کے صدر نکولس مدورو، ہنگری کے وزیرِ اعظم وکٹر اوربن سمیت 78 ملکوں کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف بھی صدر رجب طیب ایردوان کی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوئے،رجب طیب ایردوان نے مسلسل تیسری مدت کے لیے صدارت کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ اس سے قبل وہ 2014 اور پھر 2018 کے صدارتی الیکشن میں کامیاب ہوئے تھے۔ایردوان کی جماعت اے کے پارٹی نے 2002 کے اواخر میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی اور ایردوان نے پہلی مرتبہ 2003 میں وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ترکیہ کے حالیہ صدارتی انتخابات سے قبل پیش گوئی کی گئی تھی کہ ملک میں جاری مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں گراوٹ نے ایردوان کی مقبولیت کو متاثر کیا ہے۔ تاہم 14 مئی کو ہونے والے انتخابات اور پھر 28 مئی کو رن آف مرحلے میں ایردوان کی کامیابی نے انتخابات سے قبل سامنے آنے والے رائے عامہ کے جائزوں کو غلط ثابت کر دکھایا تھا۔ترکیہ کے طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والے رہنما نے 28مئی کو ہونے والے رن آف مرحلے میں 52 اعشاریہ دو فی صد ووٹ حاصل کیے تھے۔
