اہم خبریں

ایک سال میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 214 بے گناہ کشمیری شہید

سرینگر (نیوز ڈیسک) 2022 کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں ایک خاتون اور پانچ کمسن بچوں سمیت 214 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 2022 میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والوں میں سے 57 کو جعلی مقابلوں اور دوران حراست شہید کیا گیا۔ مظاہرین کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کم از کم 134 افراد زخمی ہوئے جبکہ گھروں پر چھاپوں اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران خواتین سمیت 1350 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں شہادتوں کے نتیجے میں 13 خواتین بیوہ اور 35 بچے یتیم ہوگئے جبکہ قابض فوجیوں نے10خواتین کی بے حرمتی کی۔ 2022 کے دوران بھارتی فورسز نے 44 رہائشی مکانات اور عمارتوں کو تباہ کردیا۔ سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں لوگوں کو 14 مرتبہ نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ حریت رہنما الطاف احمد شاہ بھی بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں مسلسل غیر قانونی نظربندی کے دوران انتقال کر گئے۔قابض حکام نے لوگوں کو ان کی نماز جنازہ پڑھنے کی بھی اجازت نہیں دی۔ 5 اگست 2019کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھارتی فورسز 730 کشمیریوں کو شہید کر چکی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں گزشتہ 34سال کے دوران مجموعی طور پر 96 ہزار 163 کشمیری بھارتی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں