اومان(نیوزڈیسک)اردن کے شاہ عبداللّٰہ نے کہا ہے کہ اسرائیل میں مقدس مقامات کی انتظامی حیثیت تبدیل کرنے کے حوالے سے کوششیں ہو رہی ہیں مگراسرائیل یاد رکھے اگر یروشلم کے مقدس مقامات کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی توہم کسی بھی معرکے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ایک انٹرویومیں شاہ عبداللّٰہ نے کہا کہ اسرائیل کے زیر تسلط مشرقی یروشلم میں موجود مسلم اور عیسائی مقدس مقامات کے انتظامی معاملات کے حوالے سے اردن میں تشویش پائی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں مقدس مقامات کی انتظامی حیثیت تبدیل کرنے کے حوالے سے کوششیں ہو رہی ہیں۔شاہ اردن نے کہا کہ یہ ہماری ریڈ لائن ہے، اگر کوئی ہم سے لڑائی کرنا چاہتا ہے تو ہم بالکل تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ مثبت سوچتا ہوں لیکن ہماری کچھ ریڈ لائنز ہیں، اور اگر کوئی ان ریڈ لائنز کو عبور کرنا چاہتا ہے تو ہم اس سے نمٹ لیں گے۔