اہم خبریں

تمام جماعتیں پاکستان میں سیاسی استحکام کیلئے کردار اد ا کریں، چینی وزیرخارجہ چن گانگ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی قوتیں مل بیٹھ کر سیاسی استحکام لائیں۔اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے کہا کہ گزشتہ روز صدر علوی سے ملاقات ہوئی جنہیں چینی صدر کی جانب سے تہنیت کا پیغام پہنچایا، ون چائنہ پر پاکستان کی حمایت کیلئے مشکور ہیں، چین پاکستان کی سالمیت، خودمختاری کیلئے پاکستانی قوم کیساتھ کھڑا ہے ۔ چین اور پاکستان کی دوستی ہمالہ سے بھی اونچی ہے ۔ ہر معاملے میں مدد کرتے رہیں گے، تمام جماعتیں مل بیٹھ کر سیاسی استحکام کے لئے کوشش کریں گی تاکہملک معاشی اور داخلی سطح پرآگے بڑھ سکے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصہ میں پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوِئے،چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان عوام کے مصائب بہت سالوں سے جاری ہیں، عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ افغان عوام کے مسائل حل کیلئے کوششیں کرے، ہمارا مقصد افغانستان پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے، چین سہہ فریقی مذاکرات پر پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔چن گانگ نے زور دیا کہ امید ہے کہ طالبان ہمسایہ ممالک کی سلامتی کے تحفظات کو سنجیدہ لیں گے اور اقدامات کریں گے، طالبان شمولیتی حکومت بنائیں گے اور سب کو حقوق دیں گے، چین اور پاکستان افغانستان کی اقتصادی حمایت کے لیے تیار ہیں، چین افغانستان اور پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی و انسداد دہشت گردی تعاون بڑھانے کو تیار ہے تاکہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے.چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی پاکستان کے ساتھ طویل سرحد ہے، ہمسائے کہیں اور نہیں جاسکتے، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان بات چیت و مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں