واشنگٹن، کابل ( نیوز ڈیسک) امریکا، یورپی یونین اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے افغانستان میں خواتین کے این جی اوز میں ملازمت کرنے پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے طالبان سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ طالبان کی خواتین پر این جی اوز میں ملازمت کرنے پر پابندی سے بھوک وافلاس، دوائیوں کے فقدان اور سرد موسم سے نبرد آزما افغان عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔انٹونی بلنکن نے طالبان کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ این جی اوز میں کام کرنے والی ملازمین پر پابندی عائد کرنے سے لاکھوں افغان عوام کو جان بچانے والی امداد کی فراہمی ناممکن ہو جائے گی۔یورپی یونین نے بھی این جی اوز میں خواتین کے کام کرنے پر پابندی پر کہا کہ اس نئی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس کا اثر افغانستان کو دی جانے والی ہماری امداد پر بھی پڑے گا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی طالبان کے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے طالبان سے خواتین کو بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔طالبان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ این جی اوز میں کام کرنے والی خواتین لباس اور حجاب سے متعلق شرعی احکام کی پیروی نہیں کر رہی ہیں اس لیے ان پر پابندی لگائی گئی ہے۔